ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر پردیش کے غازی آباد میں لاک ڈاؤن 31 مئی تک بڑھانے کا اعلان، دفعہ 144 نافذ

اتر پردیش کے غازی آباد میں لاک ڈاؤن 31 مئی تک بڑھانے کا اعلان، دفعہ 144 نافذ

Wed, 06 May 2020 15:13:57    S.O. News Service

غازی آباد،6؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے یوں تو ملک بھر میں 17 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے، لیکن راجدھانی دہلی سے ملحق اتر پردیش کے غازی آباد میں لاک ڈاؤن کو 31 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ اجے شنکر پانڈے نے منگل کو ایک حکم جاری کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ کورونا وائرس اور عید کے مدنظر غازی آباد میں 31 مئی تک لاک ڈاؤن پر عمل کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر تھوکنا قابل سزا جرم ہوگا اور جرمانہ بھی وصولا جائے گا۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات پر بغیر ماسک لگائے پہنچنے پر بھی سزا کا انتظام ہوگا۔

ضلع مجسٹریٹ نے جاری حکم نامہ میں دفعہ 144 کے نفاذ کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ اس کے تحت کسی بھی عوامی مقامات پر 5 سے زیادہ لوگوں کا جمع ہونا ممنوع ہے۔ غور طلب ہے کہ غازی آباد ضلع آرینج زون میں ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنس یہاں پر نافذ ہو رہی ہیں۔


Share: